17 مئی 2016
وقت اشاعت: 15:14
پرویزمشرف کےناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بحال
جیو نیوز - اسلام آباد ...........اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف عبدالرشید غازی قتل کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بحال رکھتے ہوئے ملزم کی عدم پیروی پر دونوں ضامنوں کو نوٹس جاری کر تے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔
اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج پرویز القادر میمن نے عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت کی تو عدالتی احکامات کے باوجود ایک بار پھر ملزم پرویز مشرف عدالت میں پیش نہ ہوئے ۔
ملزم کے وکیل ملک طاہر محمود ایڈووکیٹ نے پرویز مشرف کا میڈیکل سرٹیفکیٹ کی کاپی جمع کراتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ دینے کی استدعا کی جبکہ مدعی مقدمہ کے وکیل طارق اسد ایڈوکیٹ نے حاضری سے استثنیٰ دینے کی مخالفت کی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر اوریجنل میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست پر مزید بحث 2 اپریل تک ملتوی کر دی جبکہ پرویز مشرف کے دونوں کیپٹن ریٹائرڈ نذیر اور جان محمد کو ملزم کی عدم پیروی پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔