17 مئی 2016
وقت اشاعت: 23:49
لواری ٹاپ پر شدید برف باری ،پاک فوج کے جوان بھی نیچے اتر آئے
جیو نیوز - اسلام آباد..........خیبرپختونخوا ، شمالی بلوچستان اور بالائی پنجاب میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ،چترال میں لواری ٹاپ پر شدید برف باری کے بعد پاک فوج کے جوان بھی نیچے اتر آئے ۔
دیر اور سوات سمیت پورے مالاکنڈ ڈویژن میں تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ شمالی بلوچستان میں ژوب ، ہرنائی ، زیارت اور دیگر علاقوں میں بھی بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ مری اور چکوال میں بھی ہلکی بارش ہوئی ۔
چترال میں لواری ٹاپ پر شدید برف باری ہورہی ہے ۔ گذشتہ پانچ روز کے دوران یہاں گیارہ فٹ برف پڑ چکی ہے ۔ راستے صاف کرنےمیں مصروف آرمی کی انجینئرنگ کور کے جوان بھی برف باری کی وجہ سے لواری ٹاپ سے نیچے اتر آئے ہیں ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا ، بلوچستان ، پنجاب اور کشمیر میں مختلف مقامات پر بارش اور کہیں کہیں ژالہ باری کا امکان ہے ۔