22 مئی 2016
وقت اشاعت: 17:4
حالیہ بارشوں سےحادثات میں 86افرادجاں بحق ہوئے
جیو نیوز - اسلام آباد......نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے حالیہ بارشوں سے 86 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے ،مختلف حادثات میں 240 مکانات تباہ ہوئے۔
شدید بارشیں ، خطرناک لینڈ سلائیڈنگ اور چھتیں گرنے کے واقعات ، دس روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارشیں 86 افراد کی جان لے چکی ہیں جبکہ تازہ واقعات میں مزید جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔
گزشتہ 48 گھنٹوں میں سب سے زیادہ تباہی آزاد کشمیر، فاٹا اور بالائی خیبرپختونخوا میں ہوئی ۔ مظفر آباد میں گھر پر مٹی کا تودہ آن گرا، میاں بیوی اور بچوں سمیت پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے۔
ضلع باغ، حویلی ، راولا کوٹ میں بھی لینڈ سلائیڈنگ اور چھتیں گرنے سے 7 افراد جاں بحق ہوئے۔ گزشتہ دو دنوں میں لوئر دیر، کرم ایجنسی اور مالاکنڈ میں مکانات گرنے کے متعدد واقعات میں 12 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ گزشتہ ہفتے سب سے خطرناک حادثہ لوئر اورکزئی میں پیش آیا جہاں کان بیٹھنے سے 6مزدوروں کی جانیں چلی گئیں ۔
9 مارچ کو بلوچستان میں بارشیں شروع ہوتے ہی تباہی کا آغاز ہوا۔ صوبے بھر میں تقریبا ً 20 افرا جاں بحق ہوئے جس کے بعد
تیز بارشوں کا سلسلہ بالائی علاقوں تک پھیلا تو خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بھی جانی نقصان کے واقعات پیش آئے ۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے جاری اعدادو شمار کے مطابق مجموعی طور پر 86افراد جاں بحق ،100 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ 240 کے قریب مکانات تباہ ہوئے۔