23 مئی 2016
وقت اشاعت: 17:34
11سالہ بچےکے قتل کا مقدمہ سیکیورٹی گارڈ کیخلاف درج
جیو نیوز - کراچی ......کراچی کے علاقے بہادر آباد میں سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 11 سالہ بچے کے قتل کا مقدمہ فیروز آباد تھانے میں درج کرلیا گیا ۔مقدمہ مقتول بچے کے والد شوکت علی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
بہادر آباد میں گزشتہ رات 11 سالہ بچہ نجی کمپنی کے سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا تھا،علی حسن کے والدین کا کہناہے کہ سکیورٹی گارڈ بچے کو جانتا تھا، اس کے باوجود اس نے فائرنگ کی۔
ایس پی گلشن ڈاکٹر فہد کے مطابق علی حسن ماسک پہن کر سائیکل چلارہا تھا اور جونہی امیر خسرو روڈ پر سی پی ایل سی چوکی کے قریب پہنچا تو وہاں کھڑے نجی کمپنی کے سکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کر دی۔
ایس پی گلشن نے مزید کہاکہ ماسک پہنے بچے کو دیکھ کر سکیورٹی گارڈ غلام نبی ڈر گیا اور بوکھلاہٹ میں اس نے فائرنگ کر دی ۔
اسپتال ذرائع کے مطابق علی حسن کی موت سر میں گولی لگنے سے واقع ہوئی،بچے کی لاش کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیاجبکہ واقعے کا مقدمہ مقتول بچے کے والد شوکت علی کی مدعیت میں سیکیورٹی گارڈ غلام نبی کے خلاف فیروز آباد تھانے میں قتل کی دفعہ 302 کے تحت درج کیا گیا ہے۔