تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
21 مارچ 2014
وقت اشاعت: 14:27

مشرقی جاپان میں قیامت خیز سونامی کے 3سال مکمل ہونے پر تعزیتی جلسہ

جیو نیوز - ٹوکیو…عرفان صدیقی…جاپان میں تین سال قبل مشرقی جاپان میں قیامت خیز سونامی میں شہید ہونے والے پاکستانی ایازسلیم سندھومرحوم کے ایصالِ ثواب اور جاپانی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے چیبا کین نودا شہر کے پاکستانی ریسٹورنٹ میں ایک تعزیتی جلسہ منعقد ہوا جس کی صدارت معروف سماجی شخصیت صالح محمد افغانی نے کی جس میں سفیر پاکستان فاروق عامل اور باندو شہر ایباراکی کین کے میئر یوشی ہارا مہمانانِ خصوصی تھے۔ سفارت خانہ پاکستان کے پریس اتاشی ڈاکٹر رفیق احمد سومرو، تھرڈ سیکریٹری ندیم احمد بھٹی بھی موجود تھے۔ تلاوت قرآن پاک قاری علی حسن اور نقابت کے فرائض محمد انعام الحق نے سر انجام دیئے۔تقریب میں جاپان، پاکستان، بنگلادیش و دیگر ممالک کے لوگ شامل تھے جن میں سینئرزپاکستانی حسین خان،رئیس صدیقی، طیب خان، ڈاکٹر عبدالرحمن صدیقی، ملک حبیب الرحمن، سید کمال حسین رضوی، ناصر ناکاگاوا، محمد عابد شریف، حاجی محمد نعیم خان، عبدالرحیم آرائیں، بھارت کے ڈاکٹر محمدسلیم الرحمن ندوی، بنگلا دیش کے حافظ محمد علاؤ الدین نے سونامی کے موقع پر پاکستانی اور مسلم کمیونٹی کی طرف سے کی جانے والی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔تقریب میں مقامی ہائی اسکول کے پرنسپل آسو آساؤاور معروف جاپانی ایداء ساچونے بھی اظہارِ خیال کیا سفیر پاکستان فاروق عامل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہنشاہ و ملکہ جاپا ن سمیت حکومتی اعلیٰ عہدیداران جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو اعلیٰ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے ہمیشہ خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں،باندو شہر ایباراکی کین کے میئر یوشی ہارا نے کہا کہ وہ پاکستان کمیونٹی کی سونامی کے سلسلے میں اس سالانہ تقریب میں تیسری مرتبہ شرکت کر کے خوشی محسوس کر رہے ہیں، سونامی کے موقع پر باندو شہر میں مقیم پاکستانی اور مسلم کمیونٹی نے دل کھول کر کثیر رقوم کے نقد عطیات جمع کرائے جس پر مقامی حکومت پاکستانیوں کے اس جذبے کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور جاپان میں مقیم پاکستانی اس ملک کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس دوران لاہور پاکستان سے ایاز سلیم مرحوم کی والدہ محترمہ نے جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔ جاپان میں اس تاریخی پروگرام کی تمام کارروائی جاپانی زبان میں ہوئی اور یہ پروگرام شام 7بجے سے رات 10بجے تک جاری رہا۔ اس موقع پر ایاز سلیم مرحوم، قاری غلام رسول مرحوم، افواج پاکستان، رینجرز، پولیس اور پاکستان میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے مرحومین عالمی امن جاپان پاکستان اور عالم ِ اسلام کی ترقی وخوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.