25 مارچ 2014
وقت اشاعت: 11:15
روس ،امریکا اختلافات ، سرد جنگ کے خدشات گہرے ہو رہے ہیں
جیو نیوز - کیف…یوکرین کے معاملے پر دنیا کی سات بڑی صنعتی طاقتوں نے روس کو جی ایٹ سے نکال دیا،روس اور امریکا کے بڑھتے اختلافات سے سرد جنگ کے خدشات گہرے ہوتے جارہے ہیں۔ دنیا کے آٹھ بڑے صنعتی ممالک کی تنظیم جی ایٹ ٹوٹ گئی۔ روس ایک طرف جبکہ سات بڑی طاقتیں اس کے مدمقابل آگئی ہیں۔یہ اقدام کرائمیا کو روس کا ا حصہ بنانے پر کیا گیا۔ ہیگ میں عالمی کانفرنس کے موقع پر امریکی صدر اوباما نے سات بڑی صنعتی طاقتوں کو یکجا کیا اور روس کے خلاف حکمت عملی بنائی۔جاپان ، کینڈا ، جرمنی ، اٹلی ، فرانس ،برطانیہ اور امریکا نے مشترکا اعلامیہ میں واضح کیا کہ جون میں روس کے شہر سوچی میں جی ایٹ اجلاس میں شرکت نہیں کی جائے گی ، جبکہ سات ممالک یورپی یونین کے ہیڈکوارٹر برسلز میں جمع ہوں گے۔ روس کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر اس کی فوجیں یوکرین کے اندر داخل ہوئیں تو دفاع اور توانائی سمیت اس کی معیشت کے ستون سمجھے جانے والے شعبوں پر پابندی عائد کردی جائیں گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے روس اور امریکا کے درمیان سرد جنگ دور کی طرز پر دشمنیاں جنم لیں گی۔ جس کا اثر پوری دنیا کی معیشت پر پڑ سکتا ہے۔ادھر روسی وزیرخارجہ سرگئی لیوروف کا کہنا ہے کہ G7 ممالک کے اس اقدام سے روس کو زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔انہوں نے دی ہیگ میں اپنے یوکرینی ہم منصب سے ملاقات کی ہے جسے اہم پیش رفت قرار دیا جارہاہے۔مغربی ممالک بھی اس ملاقات کیلئے زور دیتے رہے تاہم روس اب تک انکاری تھا۔کرائمیا میں ریفرنڈم کے نتیجے میں روس نے اس یوکرین سے علیحدہ کرکے اپنا حصہ بنالیا تھا۔ روسی افواج نے کرائمیا کے فوجی اڈوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔