تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
28 مارچ 2014
وقت اشاعت: 15:15

افغان صدارتی انتخابات:پاکستان میں افغان مہاجرین ووٹ نہیں ڈال سکیں گے

جیو نیوز - پشاور…افغان صدارتی انتخابات میں پاکستان میں موجود افغان مہاجرین ووٹ نہیں ڈال سکیں گے، اقوام متحدہ نے اس مرتبہ انتظام ہی نہیں کیا، ملک کے 80کیمپوں میں 16لاکھ افغان مہاجرین موجود ہیں۔ اقوام متحدہ کاکہناہے کہ افغانستان نے صدارتی انتخابات کیلئے پاکستان میں موجود افغان مہاجرین کے ووٹ ڈالنے کا انتظام نہیں کیا۔ افغانستان میں صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ آئندہ ماہ کی 5 تاریخ کو ہوگی ، جس کے لیے افغانستان بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور اس دوران انتخابی مہم بھی جاری ہے۔ ملک میں پہلی بار اقتدار کی جمہوری طریقے سے منتقلی کو تاریخی قراردیا جارہا ہے۔ اقوام متحد ہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کا کہناہے کہ پاکستان میں موجود افغان مہاجرین کے آئندہ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے اب تک کوئی انتظام نہیں کیا گیا ہے۔ پاکستان میں 80کیمپوں میں 16لاکھ افغان مہاجرین موجود ہیں۔ پاکستان اور ایران میں مقیم لاکھوں مہاجرین نے 2004ء کے صدارتی انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا، لیکن 2009ء میں یہ مہاجرین اپنا حق رائے دہی استعمال نہ کرسکے۔ حکومتی اعدادوشمار کے مطابق افغانستان میں رہنے والے 32ملین افراد میں سے صرف 12 ملین ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں، کیونکہ بیشتر آبادی ووٹ ڈالنے کی عمر 18سال سے کم ہے ۔افغان طالبان کی حکومت ختم ہونے کے بعد خواتین کو بھی ووٹ ڈالنے کا حق دیاگیا ہے۔انتخابات میں امیدوار کو جیتنے کے لیے50 فیصدسے زائد ووٹ حاصل کرنے ہیں۔ دور دراز علاقوں میں پولنگ اسٹیشنوں کی وجہ سے انتخابی نتائج مئی کے وسط سے پہلے آنا مشکل ہیں۔ کئی ماہرین کے خیال میں انتخابات میں 2ٹاپ امیدواروں میں سے چناوٴ کے لیے فیصلہ کن مرحلہ درپیش ہوگا،جس کیلئے مزید 6 ہفتے درکار ہوں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.