8 اپریل 2014
وقت اشاعت: 16:47
عالمی بانڈ مارکیٹ میں پاکستان مضبوط امیدوار کے طورپر آنیوالا ہے ، اسحاق ڈار
جیو نیوز - ٹورنٹو… اشفاق حسین…کینیڈا پاکستان بزنس کونسل اور پاکستان قونصلیٹ ٹورنٹو کی جانب سے پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اعزاز میں ایک استقبالیہ دیا گیا جس میں کینیڈا کے اراکین پارلیمنٹ بریڈ بیٹ ‘ جان میکلن ‘ سینیٹر سلمیٰ جان ‘ انٹاریو کے ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر قادری اور برائن ولفورٹ کے علاوہ کینیڈین بزنس کمیونٹی کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی-اس موقعے پر وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی ترقی کی رفتار اور اس کے ا ہداف کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی اور خاص طور پر پاکستان کے بانڈ مارکیٹ میں پوری شدت کے ساتھ واپسی کا مژدہ سنایا-ان کا کہنا تھا کہ عالمی بانڈ مارکیٹ میں پاکستان ایک مضبوط امیدوار کی حیثیت سے آنے والا ہے انہوں نے پاکستان کے بارے میں دہشت گردی کے الزامات کو مسترد کیا جبکہ کینیڈین اراکین پارلیمنٹ نے اپنی تقاریر میں واضح طور سے کہا کہ ہماری حکومت کی سرکاری پالیسی یہ نہیں ہے بلکہ ہم پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک اہم اتحادی سمجھتے ہیں- بزنس کونسل کے سمیر ڈوسل اور کونسل جنرل ٹورنٹو نفیس ذکریا نے وزیر خزانہ ‘ اراکین پارلیمنٹ اور کینیڈین بزنس کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا-