12 اپریل 2014
وقت اشاعت: 4:46
بھارتی انتخابات کا چوتھا مرحلہ، 7 نشستوں پر پولنگ ہوگی
جیو نیوز - نئی دہلی…بھارت میں انتخابات کے چوتھے مرحلے میں 4 ریاستوں کی 7 نشستوں کے لیے پولنگ آج ہوگی۔پولنگ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 6 بجے شروع ہوگی اور بغیر وقفے کے شام ساڑھے 3 بجے تک جاری رہے گی جن ریاستوں میں پولنگ ہو رہی ہے ان میں آسام کی 3، گووا کی 2 اور سکم اور تری پورہ کی ایک ایک نشست شامل ہے، ان نشستوں پر کل 74 امیدوار مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں۔ 50 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔دوسری جانب کانگریس کے سینیر رکن کپل سبل نے بھارتی الیکشن کمیشن کو درخواست دی ہے کہ وہ بی جے پی کے رہنما نریندر مودی کے خلاف ایکشن لیا کیونکہ انہوں نے اپنی ازدواجی حیثیت کے حوالے سے حقائق کو چھپایا تھا۔اسی حوالے سے راہول گاندھی نے بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تو پارٹی خواتین کے تحفظ کے بلندبانگ دعوے کررہی ہے دوسری جانب ان کے اپنے رہنما مودی کو اپنی بیوی کا نام بتانے میں کئی الیکشنز لگ گئے۔ دوسری جانب بی جے پی کے رہنما اور وزیراعظم کے عہدے کے امیدوار نریندر مودی نے چھتیس گڑھ میں ایک انتخابی مہم کے دوران کہا کہ ان انتخابات میں کانگریس 100 سیٹیں بھی حاصل نہیں کرپائے گی۔