تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
18 اپریل 2014
وقت اشاعت: 2:2

جنوبی کوریا میں ڈوبنے والے بحری جہاز کے حادثے میں ہلاکتیں 25 ہوگئیں

جیو نیوز - سیول…جنوبی کوریا کے بحری جہاز کے حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد پچیس ہوگئی،ڈھائی سو مسافر اب بھی لاپتہ ہیں۔ بدقسمت بحری جہاز کے چار سو چھہتر مسافروں میں زیادہ تعداد اسکول کے بچوں کی تھی جن کے والدین کی امیدیں ہر گزرتے لمحے کے ساتھ غم کے سمندر میں ڈوبتی جارہی ہیں۔ دو روز قبل جنوبی کوریا کی شمالی بندرگاہ سے سیول نام کے بحری جہاز نے لنگر اٹھایا تو کسی کے وہم گمان میں نہ تھا کہ سمندر کی بے رحم موجیں راستے میں ہی اسے نگل جائیں گی۔ بد قسمت جہاز میں چار سو چھہتر مسافر موجود تھے جن میں زیادہ تعداد ایک ہی اسکول کے ان بچوں کی تھی جو معلوماتی سفر پر اپنے اساتذہ کے ہمراہ نکلے تھے،لیکن منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی بدقسمتی نے ایک حادثے کی صورت میں انہیں اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ابتدائی طور پر صرف چھ افراد کی موت نشر کی گئی،لیکن اب یہ الم ناک خبریں آرہی ہیں کہ ڈھائی سو سے زائد مسافروں کا کچھ پتہ نہیں۔ سب سے بری حالت ان والدین کی ہے جنہوں نے ہنستے مسکراتے اپنے بچوں کو الوداع کہا تھا اور پھر انہیں اپنے جگر گوشوں کے کربناک موبائل پیغامات موصول ہوئے کہ جہاز ڈوب رہا ہے،کسی نے لکھا کہ ماں میں شاید آخری بار کہہ رہاہوں لیکن میں تم سے پیار کرتا ہوں۔ اب یہی والدین اپنے بچوں کے پیغامات لیے بندرگاہ پر موجود ہیں کہ شاید امدادی ادارے ان کے پیاروں کو زندہ سلامت لے آئیں،لیکن ہر گزرتا لمحہ ان کی امیدوں کو غم کے اندھیروں میں ڈبو رہا ہے۔ خراب موسم اور بپھری موجوں نے ریسکیو آپریشن مشکل بنادیا ہے۔ دوسری جانب جہاز راں کمپنی کے مالک نے آنسوؤں بھری آنکھوں سے لواحقین سے معافی مانگ لی ہے،لیکن جو جان سے چلے گئے ان کے ورثا کو شاید صبر آجائے لیکن جو نہ زندوں میں ہیں نہ مردوں میں انہیں کیسے صبر آئے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.