21 اپریل 2014
وقت اشاعت: 9:22
سندھ اسمبلی کا اجلاس،حامد میر پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت
جیو نیوز - کراچی…سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ارکان نے جیو نیوز کے سینیئر اینکر پرسن حامد میر پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہو ئے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کی صدارت میں شروع ہوا۔اجلاس میں جیونیوز کے سینیئر اینکر پرسن حامد میر پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت اور ان کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کی گئی۔اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں اسپیکر آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ حامد میر نے برے وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔واقعہ سے حامد میر کے اہلخانہ اور صحافتی برادری کو بہت دکھ پہنچا ہے۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کی رکن اسمبلی ڈاکٹر سیما ضیاء نے کہا کہ کراچی میں قاتل دندناتے پھر رہے ہیں۔ اسی لیے حامد میر کو ٹارگٹ بنانے کے لیے کراچی کو چنا گیا تھا۔دوران اجلاس صحافیوں نے حامد میرپر ہونے والے حملے کے خلاف ایوان سے واک آوٹ بھی کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے اور حامد میرپرحملہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی جس پر صحافیوں نے واک آوٹ ختم کردیا۔