5 مئی 2014
وقت اشاعت: 12:3
سندھ ،پنجاب اورجنوبی پنجاب میں معمول سے کم مون سون بارشوں کاامکان
جیو نیوز - لاہور…محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ اس سال سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں مون سون کی معمول سے کم اور شمالی پنجاب، خیبر پختونخوا گلگت بلتستان اور کشمیر میں معمول کی بارشیں ہوں گی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ابتدائی اندازوں کے مطابق سندھ ،بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں جولائی سے ستمبر کے دوران معمول سے کم بارشیں ہوں گی،جبکہ شمالی پنجاب ،خیبر پختونخوا،گلگت بلتستان اور کشمیر میں معمول کے مطابق بارشیں ہونے کا امکان ہے۔پاکستان میں موسم گرما میں مون سون کا عرصہ جولائی سے ستمبر کے دوران ہوتا ہے جس کے لئے محکمہ موسمیات جون کے وسط میں پیش گوئی جاری کرتا ہے،تاہم موسمیات کے عالمی ادارہ ڈبلیو ایم او اس سلسلے میں پہلے ہی بیان جاری کرچکا ہے۔پاکستان کے محکمہ موسمیات نے عالمی ادارہ کے بیان کے مطابق کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں مجموعی طور پر معمول سے کم سے معمول تک بارشیں ہوں گی جبکہ جنوبی ایشیا کے مغربی،وسطی اور جنوب کے وسیع علاقوں اور خطے کے شمال مغرب میں معمول سے کم بارشوں کی توقع ہے۔عالمی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا کے شمال مغربی اور مشرق کے وسیع علاقے اور خطے کے کچھ مشرقی علاقوں میں معمول کی بارشوں کی توقع ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا کے کسی بھی حصے میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان نہیں ہے۔