6 مئی 2014
وقت اشاعت: 1:45
اسپین :تاریخی مسجد قرطبہ کو چرچ کے حوالے نہ کیا جائے،لاکھوں افراد کی آن لائن پٹیشن
جیو نیوز - میڈریڈ…اسپین کی تاریخی مسجد قرطبہ کو چرچ کے حوالے نہ کیا جائے۔ لاکھوں افراد نے آن لائن پٹیشن داخل کردی۔ اسپین کی قدیم اور تاریخی مسجدِ قرطبہ، جسے مشترکا طور پر مسجد اور گرجا گھر کہا جاتا ہے، اِن دنوں تنازع شکار ہے۔ اندلس میں قائم مسجدِ قرطبہ کو اسلامی اور مسیحی فنِ تعمیر کا شاہکار تسلیم کیا جاتا ہے۔ اسے آٹھویں صدی میں اسپین کے مسلمان حکمرانوں نے تعمیر کیاتھا۔ 15ویں صدی عیسوی سے قبل یہ مسجد ہوا کرتی تھی۔ اس عمارت کے مرکز میں ایک گرجا گھر ہے جس کی تعمیر پندرھویں اور سولھویں صدی میں کیتھولک مسیحیوں نے کی تھی۔ابھی مسجد کسی کی ملکیت نہیں ہے تاہم ا سپین کا چرچ اس کے انتظام و انصرام کا ذمہ دار ہے اور ملک کے قانون کے تحت یہ تاریخی عمارت آئندہ دو برسوں میں چرچ کی ملکیت ہو جائے گی۔فیصلے کے خلاف تقریباً سوا تین لاکھ افراد نے آن لائن درخواست کی ہے کہ اس فیصلے کو روک دیا جائے۔