25 فروری 2015
وقت اشاعت: 14:52
افغان مونا لیزا شربت بی بی کا شناختی کارڈ بلاک
جیو نیوز - پشاور........80ءکی دہائی میں نیشنل جیوگرافک میگزین کے سرورق کی زینت بننے والی افغان خاتون شربت گلا کے بارے میں یہ اطلاع ملی کہ اس کے پاس پاکستانی پاسپورٹ ہے۔ اس اطلاع کے بعد نادرا نے شربت گلا کا پاکستانی شناختی کارڈ بلاک کر دیا ہے لیکن یہ شربت گلا ہے کون؟ اپنی نادر و نایاب سبز آنکھوں کے سبب مشہور ہونے والی افغان خاتون شربت گلا، اب ایک پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کرنے کی وجہ سے ایک بار پھر خبروں کی زینت ہے۔ شربت گلا جب 12سال کی تھی تو نیشنل جیوگرافک کے فوٹوگرافر اسٹیو مک کری کو پشاور کے ناصر باغ مہاجر کیمپ میں اس کی تصویر بنانے کا موقع ملا۔ نیشنل جیوگرافک میگزین نے وہ تصویر اپنے سرورق پر چھاپی اور وہ سرورق دنیا کا مشہور ترین سرورق قرار پایا۔ اسٹیو مک کری نے اس کے بعد شربت گلا کو ڈھونڈنے کی بہت کوشش کی مگر وہ نہ ملی۔ اس دوران سبز آنکھوں والی کئی اور افغان خواتین نے شربت گلا ہونے کا دعویٰ کیا۔ 2002ءمیں بالآخر شربت گلا ایک بار پھر مل گئی۔ اس کی آنکھوں کے قرنیے کا تجزیہ کرکے بتایا گیا کہ یہ اصلی شربت گلا ہے۔ اس کے بارے میں تازہ ترین خبر یہ ہے کہ وہ پاکستانی شناختی کارڈ کی حامل ہے۔ اس پر نادرا کا ادارہ حرکت میں آیا اور اس نے شربت گلا کا پاکستانی شناختی کارڈ بلاک کر دیا۔