5 مارچ 2015
وقت اشاعت: 14:54
نیویارک:القاعدہ سے تعلق رکھنے والا پاکستانی نوجوان مجرم قرار
جیو نیوز - نیویارک.........نیویارک اور مانچسٹر میں دہشت گردی کی سازش کرنے کے الزام میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نوجوان کو مجرم قرار دے دیا گیا۔ نیویارک عدالت کی جیوری نے 28 سالہ پاکستانی عابد نصیر کو برطانیہ میں القاعدہ کا سیل چلانے اور مانچسٹر اور نیویارک میں حملے کرنے کی سازش میں ملوث ہونے کا مجرم قرار دے دیا۔ مقدمے کے دوران اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد میں رہائش گاہ سے ملنے والے کاغذات کو پہلی بار بطور شہادت پیش کیاگیا تھا،جبکہ مختلف ایجنٹس نے بھیس بدل کر اپنے بیانات بھی رکارڈ کرائے۔ جیوری نے عابد نصیر کو دہشت گردوں کی عملی مدد کرنے اور برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں دھماکے کےلیے تباہ کن مواد مہیا کرنے کے الزام کو درست تسلیم کرتے ہوئے انہیں مجرم قرار دے دیا ہے۔ عابد نصیر کی سزا کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ انہیں عمر قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔