10 مارچ 2015
وقت اشاعت: 23:51
شمسی توانائی سے اڑنے والا طیارہ مسقط سے بھارتی شہر احمد آباد پہنچ گیا
جیو نیوز - شمسی توانائی سے اڑنے والا طیارہ تقریباً 16 گھنٹے کی پرواز کرکے مسقط سے پاکستانی فضاؤں کوچھوتاہوا بھارتی شہر احمد آباد پہنچ گیا۔ طیارے کے دونوں پائلٹس احمد آباد میں 4 روز قیام کریں گے ۔ایس آئی 2 طیارہ کامیابی سے دنیا کے گرد چکر لگانے کے مشن پر رواں دواں ہے ۔ عمان کے دارالحکومت مسقط کے بعد اب اس کا پڑاؤ ہے بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ۔ طیارے نے مسقط سے احمد آباد کے درمیان ایک ہزار 465کلو میٹر کی پرواز بحرہ عرب پر بھی کی ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس دوران اگر طیارے کی بیٹری ختم ہوجاتی تو یہ سمندر میں ہی پھنسا رہتا ، جب تک کہ اسے ریسکیو نہ کیا جاتا۔ لیکن اس سے بھی بڑا ایڈونچر ، چین سے ہوائی کے درمیان 8500کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنا ہوگا۔احمد آباد میں 4 روزہ قیام کے دوران،توانائی کے حوالے سے مختلف پروگرامز ترتیب دیے گئے ہیں۔16 مارچ کو بنارس میں کچھ دیر قیام کے بعد طیارہ میانمار کے لئے پرواز کرے گا۔ایس آئی 2 نامی طیارے کا سفر 5 ماہ پر محیط ہے جس میں وہ کل 25 دن پرواز کرے گا اور 12 مختلف مقامات پر پڑاؤ کرے گا۔