تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
12 مارچ 2015
وقت اشاعت: 17:48

بھارت کے سابق وزیر ششی تھرور کی اہلیہ کے قتل کی تحقیقات

جیو نیوز - نئی دہلی.........بھارتی سیاست دان ششی تھرور، ان کی آنجہانی بیوی سنندا اور پاکستانی صحافی مہر تارڑ کی مثلث سے متعلق تازہ خبر یہ آئی ہے کہ دہلی پولیس نے کہا ہے کہ وہ سنندا کی پراسرار موت کے سلسلے میں پاکستانی صحافی مہر تارڑ سے تفتیش کرنا چاہتی ہے۔ جواب میں مہر تارڑ نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی تفتیش کے لیے تیار ہیں، مگر اس کے لیے بھارت نہیں جائیں گی، جس کو تفتیش کرنی ہے خود لاہور آ کر کر لے۔ ششی تھرور اور سنندا پشکر کی ازدواجی زندگی میں مہر تارڑ نے ایک ایسی دراڑ ڈالی جو سنندا کی موت پر منتج ہوئی۔ 15جنوری2014ء کو ان کی ٹوئٹر پر مہر تارڑ سے لڑائی ہوئی اور 17جنوری کو وہ اپنے ہوٹل کے کمرے میں مردہ پائی گئیں۔ پولیس نے ان کی پراسرار موت کی تفتیش شروع کی اور 10اکتوبر 2014ء کو میڈیکل ٹیم اس نتیجے پر پہنچی کہ سنندا کی موت زہر سے ہوئی۔ اس زہر میں سکون آور ادویات، منشیات کی زائد مقدار اور الکحل شامل تھی۔ اب پولیس کو یہ طے کرنا ہے کہ زہر سنندا نے خود لیا یا اسے زبردستی دیا گیا۔ 6جنوری 2015ء کو دہلی پولیس نے سنندا کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا اور یوں یہ تصدیق کردی کہ سنندا نے خودکشی نہیں کی۔ تفتیش کے دوران سنندا کی دوست بھارتی صحافی نالنی سنگھ کا بیان اہم ثابت ہوا۔ نالنی نے انکشاف کیا کہ مرنے سے ایک روز پہلے سنندا سے اس کی فون پر بات ہوئی تھی۔ سنندا نے نالنی کو بتایا تھا کہ ششی اور مہر تارڑ کے درمیان رومانی پیغامات کا تبادلہ ہوتا رہا ہے۔ ششی اور مہر تارڑ نے جون 2013ء میں دبئی میں اکٹھے وقت گزارا۔جیو نیوز نے مہر تارڑ سے بات کی تو انہوں نے ششی سے ملاقات کی تصدیق کی تھی۔ اب دہلی پولیس کہتی ہے کہ سنندا کے قتل کی تفتیش میں مہر تارڑ ایک متعلقہ شخصیت ہیں۔ جواب میں مہر تارڑ نے تسلیم کیا کہ سنندا سے ٹوئٹر پر ہونے والی جھڑپ ان کی زندگی کی بڑی غلطی تھی۔ تاہم قتل کیس میں کسی کو تفتیش کرنی ہے تو خود لاہور چلا آئے۔ ششی، سنندا اور مہر تارڑ کی مثلث سنندا کی موت سے بکھر گئی، مگر کہانی نے ایک نیا موڑ لیا ہے۔ طے یہ ہونا ہے کہ کیا سنندا کو قتل کیا گیا؟مہر تارڑ تو لاہور میں بیٹھی تھیں۔ اگر سنندا کو قتل کیا گیا تو قاتل کون تھا؟

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.