28 مارچ 2015
وقت اشاعت: 2:59
یمن پر سعودی اتحاد کے فضائی حملے، باغیوں کےٹھکانے و اسلحہ ڈپو تباہ
جیو نیوز - صنعاء........یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی فضائی کارروائی جاری ہے، تازہ حملوں میں21 باغیوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ادھر امریکی صدر اوباما نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور یمن میں استحکام کے مشترکہ اہداف کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق سعودی عرب اور اتحادی ملکوں نے یمن کے شمالی صوبے امران پر باغیوں کے ٹھکانوں کے علاوہ سعدہ کے علاقے میں ان کے اسلحہ ڈپو کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ ان حملوں میں21 باغیوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔ سعودی عرب کے مطابق ان حملوں میں اسے کویت، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، عمان، مصر، اردن، مراکش اور سوڈان کی حمایت بھی حاصل ہے۔ ریاض میں اتحادی افواج کے ترجمان جنرل احمد عصیری نے میڈیا کو بتایا کہ فضائی حملوں میں حوثی کے زیر قبضہ طیاروں کو بھی تباہ کردیا گیا ہے اور یمن کی فضائی حدود اس وقت مکمل طور پر اتحادی افواج کے کنٹرول میں ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر اوباما نے سعودی حکمراں شاہ سلمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور یمن کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ وائٹ ہائوس کے مطابق صدر اوباما اور شاہ سلمان کے درمیان یمن میں دیرپا استحکام کے مشترکہ اہداف حاصل کرنے کے لیے مسئلے کے سیاسی حل پر اتفاق کیا گیا اور اس مقصد کے لیے اقوام متحدہ اور خلیجی تعاون کونسل کے تعاون پر بھی زور دیا گیا ہے۔