29 مارچ 2015
وقت اشاعت: 15:43
عرب لیگ نے مشترکہ فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا
جیو نیوز - شرم الشیخ .........عرب لیگ کے سربراہوں نے مشترکہ فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا ہے جو تقریباً 40 ہزار فوجیوں پر مشتمل ہوگی۔ یہ فیصلہ مصر کے شہر شرم الشیخ میں 22 ممالک پر مشتمل عرب لیگ کے دو روزہ سربراہ اجلاس میں کیا گیا ۔عرب سربراہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ یمن میں حملے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک باغی ہتھیار نہیں ڈال دیتے۔ اجلاس کے اختتام پر مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے میڈیا کو بتایا کہ خطے کو درپیش چیلنجوں کے پیش نظر اجلاس میں شریک سربراہوں نے مشترکہ عرب فورس کی تشکیل پر اصولی اتفاق کرلیا ہے ۔ فورس کی تشکیل اور طریقہ کار طے کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کا پینل بنایا جائے گا ۔ یہ پینل عرب ممالک کے فوجی سربراہوں کی نگرانی میں کام کرے گا ۔ مصری حکام نے بتایا کہ مجوزہ فورس تقریباً 40 ہزار فوجیوں پر مشتمل ہوگی جسے توپخانے، جنگی بحری جہازوں اور لڑاکا طیاروں کی مدد حاصل ہوگی، تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ مجوزہ مشترکہ فوج یمن میں تعینات کی جائے گی یا نہیں ۔