2 اپریل 2015
وقت اشاعت: 23:15
عرب امارات اور سعودی عرب میں گرد و غبار کا شدید طوفان
جیو نیوز - دبئی.......سعودی عرب اور عرب امارات میں گرد و غبار کے شدید طوفان کے باعث اونچی اونچی عمارتیں ریت کے بادلوں میں چھپ گئیں، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، ٹریفک کے ساتھ پروازوں کی آمد و رفت کا نظام بھی متاثر ہوا۔ جمعرات کی صبح عرب امارات کے دارالحکومت دبئی کو مٹی کے طوفان نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، پورے شہر میں فضا گرد آلود ہوگئی، متعدد ٹریفک حادثات پیش آئے اور کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ محکمہ موسمیات نے گرد کا طوفان کل ختم ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ ادھر سعودی عرب میں گذشتہ روز آنے والے گرد کے طوفان نے دارالحکومت ریاض میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کرادیں، گرد آلوًد طوفان کی وجہ سے مقامی اور بین الاقوامی پروازوں میں غیر معمولی تاخیر ریکارڈ کی گئی، حکام نے لوگوں کو بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔