7 اپریل 2015
وقت اشاعت: 2:38
یمن:جھڑپوں اور بمباری کے نتیجے میں 140افراد مارے گئے
جیو نیوز - صنعاء.........یمن کے مختلف شہروں میں جھڑپوں اور عرب اتحادی افواج کی بمباری کے نتیجے میں 140افراد مارے گئے ہیں۔ دوسری جانب عالمی ادارے ریڈکراس کی امدادی پروازیں کل بھی روانہ نہ ہوسکیں۔ ایک غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یمن کے شہر عدن میں صدر منصور ہادی کے حامیوں اور حوثی باغیوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ جن میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 140سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں، 10باغی جنوبی صوبے ابیان میں اتحادی فوج کی فضائی بمباری میں مارے گئے، جبکہ شمالی عدن کے قصبے ’دالے‘ میں بھی34 افراد ہلاک ہوئے، دونوں جانب سے بھاری ہتھیار استعمال کیے جارہے ہیں۔ اُدھر اتحادی افواج نے ال اناد ایئربیس اور ملٹری کیمپ پر بمباری کی جس سے10 باغی ہلاک ہوگئے، جبکہ کئی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اتحادی فوج نے صوبہ شبوا میں بھی باغیوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس میں 8باغی مارے گئے، دوسری جانب عالمی امدادی ادارے ریڈکراس کی امدادی پروازیں پیر کے روز یمن روانہ نہ ہوسکیں اور عالمی ادارے نے جنگ سے متاثرہ علاقوں میں صورت حال کی سنگینی سے خبردار کیا ہے۔