18 اپریل 2015
وقت اشاعت: 2:20
صنعا......تازہ فضائی کارروائیوں اور لڑائی میں 76 افراد ہلاک
جیو نیوز - صنعا.......یمن کا دارالحکومت صنعا دھماکوں اور بمباری سے گونج اٹھا، تازہ حملوں اور لڑائی میں 76 افراد کے مارے جانے کی اطلاع ہے ،، دوسری جانب اقوام متحدہ نے جنگ سے متاثرہ علاقوں کے لیے 27 کروڑ 60 لاکھ ڈالر امداد کی اپیل کی ہے ، غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اتحادی طیاروں نے صنعا کے مختلف علاقوں میں فوجی کیمپ اور اسلحہ ڈپو پر بم برسائے،حملوں کے بعد فضا میں دور تک دھواں بلند ہوتا نظر آیا۔ اتحادی طیاروں نے تاز شہر میں صدارتی محل اور باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی، جبکہ جنوبی شہر عدن میں بھی باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، ان فضائی حملوں اور لڑائی میں مزید 76 افراد کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں ۔ریاض میں پریس کانفرنس کے دوران اتحادی فوج کے ترجمان برگیڈیئر جنرل احمد عسیری نے کہا کہ کہ یمن کے شہر تاز میں آپریشن شروع کردیا گیا ہے، ہمیں کوئی جلدی نہیں، اس کام میں صبر اور استقامت کی ضرورت ہے۔سعودی اتحاد اور حوثی باغیوں کے درمیان لڑائی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے القاعدہ نے مکلا شہر پر اپنی گرفت مزید مضبوط کر لی ہے، اور شہر کے ایک اہم آرمی کیمپ کا کنٹرول حاصل کر کے وہاں موجود اسلحہ پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ نے یمن کے لیے 27 کروڑ 60 لاکھ ڈالر امداد کی اپیل کی ہے ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے تمام فریقین سے فوری جنگ بندی کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن کے لیے نئے سفیر کا تقرر جلد کیا جائے گا۔