25 اپریل 2015
وقت اشاعت: 5:15
ایرانی جہازوں کی واپسی کے بعدخلیج عدن سےامریکی بحری بیٹرابھی چلاگیا
جیو نیوز - واشنگٹن....... ایرانی بحری جہازوں کی واپسی کے بعد خلیج عدن سے امریکی بحری بیٹرا بھی واپس چلا گیا۔امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے حوثی باغیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یمن کا بحران ختم کرنے کے لیے مذاکرات کی میز پر آجائیں ۔ کینیڈا میں میڈیا سے گفت گو میں جان کیری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے حملے روک کر امدادی سرگرمیاں شروع کردی ہیں اور اب حوثی باغیوں کو بھی مذاکرات کی میز پر لانے کی ضرورت ہے۔ ایرانی بحری جہاز کی واپسی کے بعد امریکا نے بھی خلیج عدن سے اپنا بحری بیڑا واپس بلا لیا ہے۔ امریکا نے گائیڈڈ میزائلوں سے لیس بحری بیڑا یوایس ایس تھیوڈورروزویلٹ رواں ہفتے خیلج عدن میں روانہ کیا تھا۔دوسری جانب جمعے کے روز سعودی اتحادی طیاروں نے ایک بار تعز شہر میں باغیوں کے کیمپ کو نشانہ بنایا ۔ عدن میں بھی صدر منصور ہادی کے حامیوں اور حوثی باغیوں کے درمیان لڑائی اور اتحادیوں کی بمباری جاری ہے ۔ جبکہ جنوبی شہر دالے میں باغیوں کو سپلائی روکنے کے لیے ایک رابطہ پل کو بمباری کرکے تباہ کیاگیا۔