26 اپریل 2015
وقت اشاعت: 6:36
نیپال میں زلزلے سے ہلاک افراد کی تعداد 1910 ہوگئی
جیو نیوز - کھٹمنڈو.......نیپال میں زلزلے سے ہلاک افراد کی تعداد 1910 ہوگئی ہے ۔ ساڑھے 4 ہزار افراد زخمی ہیں۔ پاکستان سمیت کئی ممالک نے امدادی سامان اور ٹیمیں نیپال بھیجنے کا اعلان کیا ہے ۔ ادھر بھارت میں بھی زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 50 کے قریب پہنچ گئی ۔ نیپال میں گذشتہ روز آنے والے 7.9 شدت کے ہول ناک زلزلے نے شدید تباہی مچا ئی ہے ۔ جگہ جگہ عمارتوں کا ملبہ اس قدرتی آفت کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کی الم ناک داستان بیان کررہا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ صرف دارالحکومت کھٹمنڈو میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ امدادی کارروائیاں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کا کام جاری ہے ۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے اور نیپالی فوج امدادی کاموں میں حصہ لے رہی ہے ۔ زلزلے کے باعث ماؤنٹ ایورسٹ پر برفانی تودا گرنے سے 18 کوہ پیما ہلاک اور 61 زخمی ہوگئے جبکہ درجنوں لاپتا ہیں ۔ امدادی کارکنوں نے 17 کوہ پیماوں کی لاشیں نکال لی ہیں ۔ پاکستان سمیت کئی ممالک نے نیپال کے لیے امداد کا اعلان کیا ہے ۔ امریکا اور بھارت نے امدادی ٹیمیں بھیج دی ہیں ۔ جبکہ امریکی صدر بارک اوباما نے 10 لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان بھی کیا ہے۔بھارت میں زلزلے سے 47 افراد ہلاک ہوئے جبکہ تبت میں ہلاکتوں کی تعداد 17 ہے ۔ زلزلے کے جھٹکے پاکستان اور بنگلادیش میں بھی محسوس کیے گئے ،، تاہم وہاں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ۔ نیپال میں زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1910 ہوگئی ۔ نیپالی پولیس کے مطابق صرف کٹھمنڈو میں 721 افراد ہلاک ہوئے۔