27 اپریل 2015
وقت اشاعت: 2:4
نیپال: تباہ کن زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 2500ہوگئی
جیو نیوز - کھٹمنڈو.........نیپال میں تباہ کن زلزلے سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 2500سے تجاوز کرگئی ہے، جبکہ آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ عالمی ممالک کی جانب سے امداد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ اتوار کے روز کٹھمنڈو شہر کے عوام کو ایک مرتبہ پھر ایک شدید آفٹر شاکس کا سامنا کرنا پڑا، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ مزید جھٹکوں کے خوف سے عوام میدانوں اور کھلے مقامات پر رہنے پر مجبور ہیں اور عوام کی ایک بڑی تعداد رات سڑکوں پر گزار پر مجبور ہے۔ دوسری جانب عالمی اداروں اور ممالک کی جانب سے امداد فراہم کرنے کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے، تاہم بجلی کی عدم دستیابی، سڑکوں کی بندش اور اسپتالوں میں جگہ نہ ہونے کے باعث مشکلات ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر ادویہ اور دیگر ضروری طبی سامان فراہم کیا جارہا ہے، آسٹریلین ریڈ کراس ادارے کا کہنا ہے کہ ملبے کے ڈھیر، وسیع پیمانے پر تباہی کے باعث بہت سے علاقوں میں امداد فراہم کرنے میں مشکل پیش آرہی ہے، برطانوی حکومت کی جانب سے 70لاکھ 60ہزار ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے، جبکہ یورپی یونین نے امدادی کاموں کے لیے فوری طور پر 30لاکھ یوروز فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ امریکی ادارے یو ایس ایڈ کے مطابق امریکہ نے 10لاکھ ڈالر اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والی ٹیم روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے، ناروے نے بھیِ 40لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے، جبکہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مشترکہ طور پر 40لاکھ 50ہزار ڈالر اور جنوبی کوریا نے 10لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔ مالی امداد کے علاوہ بھارت، روس، چین، سنگاپور، بیلجیم، اور جرمنی نے امدادی سامان کے علاوہ ریسکیو ٹیمیں بھی نیپال روانہ کردی ہیں،