تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
27 اپریل 2015
وقت اشاعت: 5:32

نیپال : تباہ کن زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 3218 ہو گئی

جیو نیوز - کھٹمنڈو.......نیپال میں تباہ کن زلزلے سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد تین ہزار ،دو سو اٹھارہ ہوگئی ، جبکہ آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ عالمی ممالک کی جانب سے امداد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ اتوار کے روز کھٹمنڈوشہر کے عوام کو ایک مرتبہ پھر شدید آفٹر شاکس کا سامنا کرنا پڑا جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔مزید جھٹکوں کے خوف سے عوام کی ایک بڑی تعداد نے رات سڑکوں پر سو کر گزاری ۔دوسری جانب ، عالمی اداروں اور ممالک کی جانب سے امداد فراہم کرنے کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے ، تاہم بجلی کی عدم دستیابی، سڑکوں کی بندش اور اسپتالوں میں گنجائش نہ ہونے کے باعث مشکلات ہیں، عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر ادویہ اور دیگر ضروری طبی سامان فراہم کیا جارہا ہے۔آسٹریلین ریڈ کراس ادارے کا کہنا ہے کہ ملبے کے ڈھیر، وسیع تباہی کے باعث بہت سے علاقوں میں امداد فراہم کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں ۔برطانوی حکومت کی جانب سے 70 لاکھ 60 ہزار ڈالر امداد کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ یورپی یونین نے امدادی کاموں کے لیے فوری طور پر تیس لاکھ یوروز فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ امریکی ادارے یو ایس ایڈ کے مطابق امریکا نے دس لاکھ ڈالر اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والی ٹیم روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے، ناروے نے بھی 40 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مشترکہ طور پر چالیس لاکھ 50 ہزار ڈالر اور جنوبی کوریا نے دس لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے ۔کینیڈا نے بھی زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے خصوصی رسکیو ٹیم بھیجنے کے علاوہ پچاس لاکھ ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے ۔مالی امداد کے علاوہ بھارت، روس، چین، سنگاپور، بیلجیم، اور جرمنی نے امدادی سامان اور ریسکیو ٹیمیں بھی نیپال روانہ کردی ہیں ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.