تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
29 اپریل 2015
وقت اشاعت: 5:47

سعودی عرب میں شہزادہ مقرن کی جگہ شہزادہ نائف نئے ولی عہدمقرر

جیو نیوز - ریاض........سعودی عرب کے شاہ سلمان نے ولی عہد شہزادہ مقرن کی جگہ شہزادہ نائف کو نیا ولی عہد اور سعود الفیصل کی جگہ عادل الجبیر کو نیا وزیر خارجہ مقرر کردیا ہے ۔ سعودی ٹی وی کا کہنا ہے کہ شاہ سلمان کے چھوٹے سوتیلے بھائی شہزادہ مقرن کو ولی عہد اور نائب وزیراعظم کی ذمے داریوں سے سبک دوش کردیا گیا ہے ۔شاہی حکم نامے کے مطابق اُن کی جگہ شاہ سلمان کے بھتیجے شہزادہ محمد بن نائف کو ولی عہد مقرر کردیا گیا ہے ۔ وہ نائب وزیراعظم ، وزیر داخلہ اور سیاسی و سلامتی امور کونسل کے سربراہ بھی ہوں گے ۔ شاہ سلمان نے اپنے بیٹے شہزادہ محمد بن سلمان کو نائب ولی عہد بھی مقرر کیا ہے ۔ وہ نائب وزیراعظم دوم ، وزیر دفاع اور اقتصادی و ترقیاتی امور کونسل کے سربراہ بھی ہوں گے ۔ شاہ سلمان نے معمر وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل کو بھی ذمے داریوں سے سبک دوش کردیا ہے ۔ وہ 13 اکتوبر 1975 سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ تھے ۔ ان کی جگہ امریکی میں سعودی عرب کے سفیر عادل الجبیر کو نیا وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے ۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعود الفیصل نے خرابی صحت کی وجہ سے اپنی ذمے داریوں سے سبک دوش کرنے کی درخواست کی تھی ۔ 23 جنوری کو بادشاہت سنبھالنے کے بعد شاہ سلمان نے دوسری مرتبہ اپنی کابینہ میں رد و بدل کیا ہے اور یہ تبدیلیاں ایسے وقت میں کی گئی ہیں جب یمن کے تنازع کی وجہ سے خطے میں صورت حال انتہائی کشیدہ ہے ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.