7 مئی 2015
وقت اشاعت: 3:15
برطانیہ کا نیا وزیراعظم کون؟ برطانوی عوام کے فیصلے کا دن
جیو نیوز - لندن..........کیمرون یا ملی بینڈ، کس کے سر سجے کا وزارتِ عظمیٰ کا تاج؟، برطانوی عوام اپنا فیصلہ سنائیں گے آج۔ انگلینڈ، ویلز، اسکاٹ لینڈ اور شمالی ائر لینڈ میں ساڑھے چار کروڑ سے زائد برطانوی عام انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ برطانیہ نے انتخابی دنگل سے پہلے پر جوش انتخابی مہم دیکھی۔ لیبرپارٹی کے لیڈر ایڈ ملی بینڈ نے یارکشائر جلسے میں شرکت کی اور شرکا کو سمجھانے کی کوشش کی کہ عام آدمی کو اپنا مستقبل سنوارنا ہے تو چوائس مشکل نہیں۔ وزارت عظمی دوبارہ حاصل کرنے سے ایک قدم دور کنزریٹو لیڈر جانتے ہیں کہ یہ الیکشن انکی پارٹی کے مستقبل کے لیے کس قدر اہم ہے۔ انہوں نے عوام کو ایڈ ملی بینڈ اور ایس این پی کی لیڈر سے ڈرایا۔ ڈیوڈ کیمرون نے ووٹرز کو سمجھانے کی کوشش کہ اگر 5سال کی پالیسیوں پر اعتماد ہے تو لیبر کو اقتدار میں آنے سے روکیں۔ لیبر پارٹی کے نزدیک طبقہ امرا کی حکومت کا دور ختم ہوگیا۔ انتخابی مہم کے دوران ڈیوڈ کیمرون کی کوشش رہی کہ وہ عوام کو لیبر اور ایس این پی کے ممکنہ اتحاد سے خبردار کریں، جبکہ لیبر لیڈر ڈیوڈ کیمرون کو طبقہ امرا کا نمائندہ ٹہرا کرعام آدمی کا ووٹ لینے کی کوشش میں رہے۔ دونوں کہاں تک کامیاب ہوئے یہ جاننے کی گھڑی اب زیادہ دور نہیں۔