12 مئی 2015
وقت اشاعت: 20:35
نیپال میںآج کے زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 53 ہوگئی
جیو نیوز - کٹھمنڈو......نیپال میں 7 اعشاریہ 3 کے زلزلے سے اب تک 53 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے، 11 سو سے زائد زخمی ہیں۔ بھارت میں بھی 17 افراد ہلاک اور 39 زخمی ہیں، متاثرہ علاقوں میں ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بیان کیا جارہا ہے۔ نیپال کی فضاؤں میں ایک بار پھر خوف کا راج، 17 روز بعد ہی ایک اور زلزلے نے نیپال میں پھر قیامت بپا کردی۔ خوفناک گڑگڑاہٹ سے زمین ہلی تو معمول کی سرگرمیوں میں مصروف لوگ خوف سے چیختے چلاتے باہر کی طرف بھاگے۔ نیپالی پارلیمنٹ سے اراکین بھی کارروائی چھوڑ کر باہر نکل آئے۔ زلزلے کے بعد آنے والے 6 بڑے جھٹکوں نے کمزور عمارتوں میں مزید دراڑیں ڈال دیں اور سندھو پال چاک اور رسووا کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے۔ 25 اپریل کو ہولناک زلزلے کی تباہ کاریاں سہنے والے خوف ودہشت کے عالم میں کٹھمنڈو چھوڑ کر جارہے ہیں۔ کٹھمنڈو ایئر پورٹ بھی عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ پہلے زلزلے سے مخدوش اور تباہ حال نیپال میں آج کے زلزلے سے ہونے والی تباہ کاریاں بہت زیادہ تباہ کن ثابت ہوسکتی ہیں۔ 25 اپریل کو نیپال میں آنے والے خوفناک زلزلے سے 8 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، ملبہ بنی ان عمارتوں سے لاشیں نکالنے کا کام اب تک جاری ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ بھارت کے صوبے بہار، اترپردیش، چین کے تبت اور افغانستان میں بھی آج زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ بھارت میں بہار اور اترپردیش میں ہلاکتوں کی اطلاع ہے جبکہ گھروں اور اسکول کی دیوار گرنے سے طلبا سمیت درجنوں زخمی ہیں۔ تبت میں بھی زلزلے سے ایک ہلاک، تین زخمی ہیں جبکہ دو گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔