13 مئی 2015
وقت اشاعت: 0:21
یمن: امداد اور خوارک پہنچانے کیلئے5 روزہ جنگ بندی کا آغاز
جیو نیوز - صنعاء..........یمن میں امداد اور خوارک پہنچانے کے لیے اتحادی فوج کی 5روزہ جنگ بندی کا آغاز ہوگیا ہے، تاہم سعودی عرب نے باغیوں کی جانب سے خلاف ورزی پر جوابی کارروائی کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ جنگ بندی کا اعلان چند روز قبل سعودی اتحادی افواج کی جانب سے کیا گیا تھا، جس پر عمل درآمد کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق رات 1بجے شروع ہوگیا ہے۔ سعودی اتحادی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل عسیری کا کہنا ہے کہ جنگ بندی انسانی بنیادوں پر کی جارہی ہے، جس کے دوران امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا جائے گا۔ حوثی بھی جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کر چکے ہیں۔ دوسری جانب امریکا نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ خطے میں جارحانہ رویہ اختیار کرنے سے گریز کرے۔ وئٹ ہائوس کے ترجمان جوش ارنسٹ کا کہنا تھا کہ امریکا نے خطے میں ایرانی جنگی بحری جہازوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی ہوئی ہے اور ایران اگر یمن میں امدادی سامان پہنچانا چاہتا ہے تو اقوام متحدہ کی مدد حاصل کرے۔ ادھر یمن میں اقوام متحدہ کے سفیر اسماعیل شیخ احمد بھی دارالحکومت صنعا پہنچے ہیں، ان کی آمد کا مقصد حوثی باغیوں سے بات چیت کا آغاز کرنا ہے، اقوام متحدہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس وقت بات چیت کے لیے کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا جاسکتا ہے۔