12 اگست 2015
وقت اشاعت: 16:4
نئی دہلی کے وزیر قانون جتیندر سنگھ جعلی ڈگری کے الزام میں گرفتار
جیو نیوز - نئی دہلی .....نئی دہلی کے وزیر قانون جتیندر سنگھ تومر کو جعلی ڈگری کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کانگریس نے دلی کے وزیرقانون سےفوری استعفے کا مطالبہ کیا ہے ۔ بھارت کی سیاست میں نئے رجحانات کا راگ الاپنے والی عام آدمی پارٹی خبروں میں پھر آگئی ہے ، جس کی وجہ بنے ہیں دہلی کے وزیر قانون جتیندر سنگھ تومرجنہیں پولیس نے جعلی ڈگری کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے ۔جتندر سنگھ کو حوض خان پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے۔عام آدمی پارٹی کے رہنما سنجے سنگھ نے جتیندر سنگھ کی گرفتاری کی ذمہ داری مودی حکومت پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کو گرفتاری سے پہلے کوئی نوٹس نہیں دیا گیا،وزیر قانون کو ایک عام مجرم کی طرح گرفتار کیا گیا ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ دہلی حکومت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش ہے۔ بی جے پی اور کانگریس جعلی ڈگری کے الزامات پر اپریل سے جتندر سنگھ کے استعفی کا مطالبہ کررہے تھے ۔