15 اگست 2015
وقت اشاعت: 10:35
دہلی میں یوگا کا مجمع لگانا بھارتی وزیراعظم کو مہنگا پڑگیا
جیو نیوز - نئی دہلی.......دہلی میں یوگا کا مجمع لگانا بھارتی وزیراعظم کو مہنگا پڑگیا۔نریندر مودی نےعالمی میڈیا کوتومدعو کرلیا لیکن اپنےنائب صدر کو دعوت نامہ نہیں بھیجا۔ان کی غیرموجودگی پرخود ان کی اپنی جماعت بی جے پی کے سیکرٹری نے انگلی اٹھا دی ۔عالمی یوگا ڈے پر دہلی میں لوگوں کو جمع کرنے کی ہڈی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے گلے میں پھنس گئی۔نریندر مودی نے عالمی یوگا ڈے پر کسی ماہر یوگی کی طرح یوگا کر کےعالمی میڈیا کی توجہ تو حاصل کرلی لیکن ساتھ ہی اپنے ملک کے نائب صدر حامد انصاری کو اس اہم ایونٹ میں نہ بلا کر اپنے لئے مشکلات کھڑی کر دیں۔بی جے پی کے سیکرٹری رام مادھو نےایونٹ میں حامد انصاری کی عدم موجودگی کو محسوس کرتے ہوئے ایک ٹویٹ کر ڈالا،لیکن پھر بعد میں یہ کہہ کر اسے ڈیلیٹ کر دیا کہ نائب صدر کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی،اس لئے وہ تقریب میں شرکت نہ کر سکے۔ادھر نائب صدر کے دفتر نے فوراً اس ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حامد انصاری بالکل خیریت سے ہیں۔انہیں اس ایونٹ میں مدعو ہی نہیں کیا گیا تھا،اگر دعوت نامہ بھیجا جاتا تو وہ ضرور شرکت کرتے۔