18 اگست 2015
وقت اشاعت: 18:0
اسپین :امیگرانٹس کے حراستی مرکز کو ختم کرنے کی قراردادپارلیمنٹ میں منظور
جیو نیوز - بارسلونا......شفقت علی رضا......ا سپین کی امیگرانٹس دوست سیاسی پارٹی آئی سی وی(گرین پارٹی ) اور دیگر سیاسی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے اسپین کے سب سے بڑے صوبہ کاتالونیا کی پارلیمنٹ میں امیگرانٹس کے لئے بنائے جانے والے حراستی مرکز کو ختم کرنے کے لیے قرارداد پیش کی گئی جسے بھاری اکثریت سے منظور کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تارکین وطن کے لئے بنائے جانے والے حراستی مرکز کو ختم کرنے کے لئے پیش کی جانے والی اس قرارداد کی مخالفت اسپین کی حکمران جماعت پی پی اوردائیں بازو کی جماعت ’’سیودادان‘‘ نے کی، جبکہ دیگر تمام سیاسی اور سماجی جماعتوں نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔ اس قرارداد کو پارلیمنٹ میں آئی سی وی کی ممبرپارلیمنٹ اور حال ہی میں پاکستان کا دورہ کرنے والی ’’سارہ ولا‘‘ نے پیش کیا تھا۔ اجلاس میں بارسلونا کی بہت سی سیاسی وسماجی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے آئی سی وی کے ممبران سفیان یونس سبادل، مرزا ندیم بیگ اور سعد مختار تارڑ نے بھی شرکت کی۔