19 اگست 2015
وقت اشاعت: 8:39
پی ٹی آئی یورپ کانفرنس میں ریحام خان کو مدعو کرنے کا فیصلہ
جیو نیوز - پیرس.....رضا چوہدری......پاکستان تحریک انصاف اوورسیز نےریحام خان کو یورپی کنونشن میں مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے،تاہم شرکت کا باضابطہ اعلان ان کی رضا مندی کے بعد کیا جائے گا۔پاکستان تحریک انصاف اوورسیز انٹرنیشنل کے سینئر لیڈر ایڈووکیٹ محمد ندیم یوسف نے میاں طارق جاوید، یاسر خان، فہد چیمہ، شاہد جمیل اور دیگر کے ہمراہ 15 اگست کو میلان میں ہونے والی دوسری یورپ کانفرنس کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد صرف اور صرف پی ٹی آئی کی مضبوطی اور چیئرمین عمران خان کے ویژن کو اوورسیز پاکستانی کمیونٹی میں عام کرنا ہے، کانفرنس میں شرکت کیلئے یورپی یونین کے علاوہ مڈل ایسٹ اور دیگر ممالک سے نظریاتی پی ٹی آئی انصافین بھرپور شرکت کریں گے، کانفرنس میں پی ٹی آئی کے اوورسیز انٹرنیشنل چیپٹرز آفس میں اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی، پاکستان میں مرکزی و صوبائی باڈیوں میں نمایاں کردار اور دیگرمعاملات کو سلجھانے کے لیے مثبت تجاویز پر بھی غور کیا جائے گا۔ ایڈووکیٹ محمد ندیم یوسف کسانہ نے اس امر کا اظہار کیا ہے کہ پی ٹی آئی یورپ کی یہ کانفرنس پہلی کانفرنس کی طرح تاریخ ساز ہو گی اور ہماری کوشش ہے کہ محترمہ ریحام خان کو کانفرنس میں مدعو کیا جائے تاہم اس کا حتمی فیصلہ ان کی رضامندی پر منحصر ہے۔