22 اگست 2015
وقت اشاعت: 8:44
دنیا کے مختلف ملکوں میں عیدالفطر منائی جا رہی ہے
جیو نیوز - ریاض......سعودی عرب، بیشتر خلیجی ممالک، امریکا اور یورپ کے بعض ممالک میں مسلمان آج عید منا رہے ہیں، بھارت اور بنگلادیش میں کل عید منائی جائے گی، سعودی عرب میں عید الفطر روایتی جوش و خروش سے منائی جارہی ہے،عید کا سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام میں ہوا، جہاں دنیا بھر سے آئے مسلمانوں نے عید کی نماز ادا کی۔ مدینہ منورہ میں بھی لاکھوں مسلمانوں نے نماز عید ادا کی اس موقع پر امت مسلمہ کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ ابوظبی کی شیخ زید مسجد میں عید کی نمازکا سب سےبڑا اجتماع ہوا، شام میں بھی آج عید منائی جارہی ہے، شامی صدر بشارالاسد نے دمشق کی جامع مسجد محمد میں نماز عید ادا کی۔ اسرائیلی جارحیت کے شکار فلسطین میں باہمت اور زندہ دل فلسطینی عید کی خوشی میں اپنے ٹوٹے پھوٹے گھروں کو ہی سجا کرتباہ حال علاقوں میں عید منا رہے ہیں۔ مصر میں بھی مسلمان جوش و خروش سے عید منا رہے ہیں، خوشی کے اس موقع پر نماز عید کے بعد لوگوں نے اپنے بچوں کے ساتھ تفریحی مقامات کا رخ کیا۔ اردن کے زاتاری پناہ گزین کیمپ میں بھی عید کا سماں تھا، جہاں شام کے پناہ گزین کئی سالوں سے مقیم ہیں۔ ترکی میں بھی آج عید منائی جارہی ہے، صدر طیب ارودوان نے استنبول کی مسجد میں عید کی نماز ادا کی اور امت مسلمہ کو عید سعید کی مبارکباد دی۔ عراق میں عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع بغداد کی رمضان مسجد میں ہوا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ افغانستان میں سخت حفاظتی اقدامات میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے، کابل میں نماز عید کے بعد افغان صدر اشرف غنی نے قوم کو عید کی مبارکباد دی۔ انڈونیشیا اور ملائیشیا میں بھی عید کے اجتماعات میں لاکھوں مسلمانوں نے شرکت کی اور امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ آسٹریلیا میں بھی مسلمانوں نے عید کی خوشیاں منائیں، سڈنی کی لیکبا مسجد میں تقریباً تیس ہزار مسلمانوں نے مسجد کے اندر اور باہر سڑک پر نماز عید ادا کی۔ برطانوی مسلمانوں نے بھی آج جوش و خروش سے عید منائی،امریکا اور یورپی ممالک کے کچھ شہروں میں آج عید ہے جبکہ کچھ شہروں میں کل عید منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔