24 اگست 2015
وقت اشاعت: 6:19
مہاراشٹر میں بچوں کے اسکول بیگ کا وزن کم کرنے کا حکم
جیو نیوز - مہاراشٹر........ بچوں کے اسکول بیگ کا وزن اتنا ہی ہونا چاہیے،جتنا وہ اٹھا سکیں ، یہ فیصلہ سامنے آیا ہے بھارت کی ریاست مہاراشٹرا میں جہاں ریاستی حکومت نے بچوں کو بھاری اسکول بیگ کے نقصانات سے بچانے کیلئے حکم جاری کردیا ہے۔ ننھے منے،ہلکے پھلکےبچوں کے بھاری بھرکم بیگ،بچوں کی نازک ہڈیاں یہ بوجھ کیسے اٹھائیں؟بس، بچوں کا یہی دکھ محسوس کرتے ہوئے بھارت کی ریاست مہاراشٹرا میں حکم جاری کردیا گیا ہے ،جس میں کہا گیا ہے کہ بھاری اسکول بیگ کی وجہ سے بچے تھک جاتے ہیں اور ان کی ریڑھ کی ہڈی کو نقصان پہنچتا ہے،اسی لیے بیگ کا وزن بچے کے وزن کے دس فیصد سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے، تاہم ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے کسی سزا کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔ بچوں کے بھاری اسکول بیگز کا معاملہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں سنجیدہ نوعیت اختیار کرچکا ہے، ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ ننھے کاندھوں پر بھاری بیگز کا بوجھ، بچوں کی گردن کی ہڈی ، کاندھوں اور ریڑھ کی ہڈی کو متاثر کرتا ہے، اس لیے اسکول بیگ کا وزن اتنا ہونا چاہیے جسے بچوں کی نازک ہڈیاں برداشت کرسکیں۔