25 اگست 2015
وقت اشاعت: 4:19
گورداس پور حملے میں پاکستان ملوث ہے، بھارتی میڈیا کا الزام
جیو نیوز - نئی دہلی......بھارتی میڈیا نے گورداس پور میں دہشت گردوں کے حملے کی سی سی ٹی وی وڈیو نشر کردی۔ الزام لگا دیا کہ دہشت گرد پاکستان سے آئے تھے۔ گورداس پور حملے کی سی سی ٹی وی ویڈیو میں 3مسلح افراد کو آزادی سے شہر میں گھومتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ بھارتی فوج کی وردیوں میں ملبوس حملہ آوروں نے ہاتھوں میں کلاشنکوف اٹھائی ہوئی تھیں۔ ان افراد کی شناخت نہ ہونے کے باوجود بھارتی میڈیا کی جانب سے بے بنیاد دعویٰ کیا جارہا ہے کہ حملہ آور پاکستان سے آئے تھے۔ گزشتہ روز 3افراد نے گورداس پور میں پولیس اسٹیشن پر حملہ کر دیا تھا، جس میں پولیس اہلکاروں سمیت 6افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، جوابی کارروائی میں تینوں حملہ آور بھی مارے گئے تھے۔