26 اگست 2015
وقت اشاعت: 23:31
مدھیا پردیش میں 2مسافر ٹرینیں ٹکرا گئیں، ہلاکتوں کی تعداد 12ہوگئی
جیو نیوز - نئی دہلی........بھارتی ریاست مدھیا پردیش میں 2مسافر ٹرینیں ٹکرا گئیں، 15بوگیاں پٹری سے اتر کر ماچک دریا میں جا گریں، جہاں سے 12لاشیں نکال لی گئیں ہیں اور ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق خوفناک حادثہ ضلع ہردا سے 32کلومیٹر دور پیش آیا۔ جبل پورسے ممبئی جانے والی جنتا ایکسپریس اور ممبئی سے بنارس جانے والی کامیانی ایکسپریس دریائے ماچک کے پُل پر ٹکرا گئیں، حادثے میں کامیانی ایکسپریس کی 5اور جنتا ایکسپریس کی 10بوگیاں دریا میں جاگریں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ حادثے میں 12افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ اب بھی کئی افراد بوگیوں میں پھنسے ہوئے ہیں اور متعدد لاپتہ ہیں۔ مقامی افراد نے فوری طور پر امدادی کارروائی کرتے ہوئے 300افراد کو بحفاظت نکال لیا ہے، حکومت کی امدادی ٹیموں کا سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثے کے وقت علاقے میں موسلادھار بارش ہورہی تھی، ٹریک پانی میں ڈوبا ہوا تھا، کامیانی ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر کر سامنے سے آنے والی جنتا ایکسپریس سے ٹکرائیں اور دریا میں جاگریں۔