27 اگست 2015
وقت اشاعت: 21:31
بھارتی میڈیا مقبوضہ کشمیر کے نیم پاگل لڑکے کو پاکستانی دہشتگرد بتاتا رہا
جیو نیوز - کراچی.......بھارتی میڈیا نہ صرف اپنی سرکار کی شہ پر مقبوضہ کشمیر میں رہنے والے ایک نیم پاگل لڑکے کو پاکستانی دہشت گرد بتاتا رہا، بلکہ زرد صحافت کی اس دوڑ میں ایک انگریزی نیوز چینل چار ہاتھ آگے بڑھ گیا۔ ٹائمز ناؤ نامی اس نیوز چینل نے پاکستانی شہر فیصل آباد سے ایک رپورٹ پیش کی جس میں لوگ واضح طور پر کہتے رہے کہ محمد یعقوب جسے بھارتی میڈیا اس لڑکے کا والد بتا رہا ہے، وہ یہاں نہیں رہتا، مگر یہ نیوز چینل اس رپورٹ کو چلانے کے باوجود اسکرین پر یہی چلاتا رہا کہ ہم پاکستانی دہشت گرد کے گاؤں تک جا پہنچے ہیں۔ بھارت کے انگریزی زبان کے نیوز چینل ٹائمز ناؤ نے پاکستانی شہر فیصل آباد میں اس لڑکے کے جاننے والوں اور اس کے مبینہ باپ محمد یعقوب کو تلاش کرنے کی کوشش کی۔خود بھارتی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں ہر شخص واضح طور پر کہہ رہا ہے کہ ہم اس محمد یعقوب کو نہیں جانتے جسے اس لڑکے کا والد بتایا جا رہا ہے، لیکن جب تعصب کی پٹی آنکھوں پر بندھی ہو تو کیا دکھائی دے سکتا ہے۔ رپورٹ میں ہر شخص کی جانب سے اس لڑکے کی فیصل آباد میں موجودگی کی تردید کے باوجود بھارتی میڈیا نے کچھ اور ہی نتیجہ نکالااور اس کے ہندی اور انگریزی چینل زرد صحافت کے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ رہے تھے۔ بھارتی میڈیا کو ہم اور تو کچھ نہیں کہہ سکتے، لیکن پاکستانی وزیردفاع خواجہ آصف کے الفاظ میں یہ ضرور کہیں گے کہ ’’کوئی شرم ہوتی ہے، کوئی حیا ہوتی ہے‘‘۔