28 اگست 2015
وقت اشاعت: 17:15
افغان چیف ایگزیکٹو کی بھی پاکستان پر افغان طالبان کی معاونت کا الزام
جیو نیوز - کابل.......افغان صدر اشرف غنی کے بعد افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے بھی پاکستان پر الزام تراشی شروع کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں دہشت گردی کرنے والوں کو پاکستان میں اسلحہ اور فنڈ فراہم کیا جاتا ہے۔ افغانستان میں وزراء کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ عبداللہ نے الزام عائد کیا کہ پاکستان نے ملا عمر کی موت کو 2سال تک چھپائے رکھا اور طالبان قیادت پاکستان میں کھلے عام اجلاس کرتی رہی تاکہ نئے امیر کے انتخاب کے بعد افغانستان میں قتل عام جاری رکھا جائے۔ عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ 10 ماہ میں دہشت گردی کے خلاف تعاون کیا جیسا ہم چاہتے تھے اوراچھے بیانات بھی جاری کیے، لیکن افغانستان میں جرائم کرنے والوں کو پاکستان میں مالی معاونت اور ہتھیار فراہم کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 10مہینوں میں افغان طالبان مزید طاقتور ہوئے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان پہلے ہی افغانستان کے الزامات کو مسترد کرچکا ہے۔ وزیردفاع خواجہ آصف کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ نہ ملا عمر کی موت پاکستان میں ہوئی نہ پاکستان کو اس کا علم تھا، پاکستان افغانستان میں امن کا خواہشمند ہے اور اس کے لیے مذاکراتی عمل کی حمایت کرتاہے۔