21 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 11:3
عالمی سطح پر بانڈزجاری کرنے کا منصوبہ، اہم پیش رفت
جیو نیوز - اسلام آباد…حکومت کی جانب سے عالمی سطح پر بانڈز جاری کرنے کے منصوبے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔وزارت خزانہ نے اس سلسلے میں مالی مشیر بننے کے خواہش مند بینکوں سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق مالی مشیر بننے میں دلچسپی رکھنے والے غیر ملکی و مقامی بینکس 22 نومبر 2013 تک درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔ حکومت زرمبادلہ ذخائر اور روپے کی قدر میں بہتری کے لیے عالمی سطح پر50 سے 60 کروڑ ڈالر مالیت کے بانڈز جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ماہرین کے مطابق حالیہ دنوں میں عالمی سطح پر پاکستانی بانڈز کی قیمت میں بہتری آئی ہے اس کے علاوہ بانڈز پر منافع کی شرح 12.32 فیصد سے کم ہوکر 7.62 فیصد ہوگئی ہے لہٰذاکم شرح منافع پر نئے عالمی بانڈز جاری کرنے کا یہ مناسب وقت ہے۔