25 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 23:47
لاہور:20کلوآٹے کا تھیلا 25روپے مہنگا ہوگیا
جیو نیوز - لاہور…فلورملز ایسوسی ایشن نے 20کلوآٹے کا تھیلا 25روپے مہنگا کرنے کااعلان کیا ہے جس کے بعد صارفین کو یہ تھیلا 810 روپے میں ملے گا۔۔عوام کا کہنا ہے کہ جنہیں ووٹ دیا ہے وہی نوالہ چھین رہے ہیں ۔لاہورمیں پریس کانفرنس کے دوران فلور ملز مالکان نے کہا کہ حکومت گندم کی امدادی قیمت 1200 روپے سے بڑھا کر 1500 روپے کرنے جارہی ہے ،اگرایسا ہواتو 20کلو آٹے کا تھیلا 925 روپے کا ہو جائے گا، ایسے میں عام آدمی کو آٹا نہیں ملے گا ۔ دوسری طرف اجلاس کے بعد فلور ملز مالکان نے ڈیزل اور بجلی کی زیادہ قیمت کو جواز بنا کر 20کلو آٹے کا تھیلا 25 روپے اضافے سے 810روپے میں فروخت کرنے کا اعلان کیا۔فلورملزمالکان کے اس اعلان پر شہریوں کا کہنا ہے کہ جنہیں مہنگائی کم کر نے کیلیے ووٹ دیا تھا اب وہی جینا محال کررہے ہیں، اتنا مہنگا آٹا کیسے کھائیں گے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گوشت اور پھل تو پہلے ان کی پہنچ سے دورہیں ، اب روٹی بھی چھینی جارہی ہے۔