29 نومبر 2013
وقت اشاعت: 7:20
دھرنوں سے نیٹو سپلائی متاثر، گڈز ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد تنگ دستی کا شکار
جیو نیوز - اسلام آباد…تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے دھرنوں کی وجہ سے نیٹو سپلائی متاثر ہے اور گڈز ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد تنگ دستی سے دو چار ہو رہے ہیں۔6 نومبر 2013 کوحکومت اور ٹرانسپورٹر زکے درمیان ٹال ٹیکس کا تنازع پیدا ہو گیا ،12 دن کے لیے گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال رہی ،سامان کی ہر طرح کی ترسیل بند تھی ۔22 نومبر کو سانحہ راول پنڈی کے خلاف یوم احتجاج تھا، ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کا پہیہ پھر جام ہو گیا۔ اب رہی سہی کسر نیٹو سپلائی روکنے کے لیے تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے دھرنے نے نکال دی ہے۔ گڈز ٹرانسپورٹر زبے حال ہیں اور اس صنعت سے وابستہ دیہاڑی دار مزدور پریشان ہیں کہ گھر کا چولہا کیسے جلے گا۔ ماہرین کے مطابق نیٹو سپلائی کی آئے روز بندش سے نہ صرف معاشی نقصان ہو رہا ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بھی بری طرح متاثر۔ نقصان اتنا بڑا ہوا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر جھاگ کی طرح بیٹھ رہے ہیں۔ ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ نیٹو سپلائی کے بارے میں مستقل پالیسی اختیار کی جانی چاہئے، آئے روز کی بندش، دھمکیاں اور خوف دنیا کو پیغام ہے کہ پاکستان کے حالات مستحکم نہیں اور غیر یقینی کی صورتحال تو معیشت کی سب سے بڑی دشمن ہے۔