9 دسمبر 2013
وقت اشاعت: 5:30
جنوبی پنجاب میں پٹرول پمپ مالکان کی ہڑتال
جیو نیوز - ملتان …ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے تمام شہروں میں پٹرول پمپ مالکان نے آج سے غیر معینہ مدت کے ہڑتال کرتے ہوئے صارفین کو پٹرول کی فراہمی بند کر دی ہے۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں آج صبح 6 بجے سے پٹرول پمپس کو غیر معینہ مدت لئے بند کر دیا گیا ہے۔ پٹرول پمپ مالکان کے مطابق حکومت پٹرول کے سیلز مارجن کو 2 فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد نہیں کر رہی ہے جس پر ہڑتال کی گئی ہے ۔وفاقی حکومت نے پٹرول پمپس کا سیلز مارجن بڑھانے کا معاہدہ 2000ء میں کیا تھا تاہم 2004ء اور 2005ء میں سیلز مارجن 4 فیصد تھا جسے بعد میں کم کر کے 2 فیصد کر دیا گیا تھا۔ پٹرول پمپ ڈیلرز ایسویسی ایشن کا کہنا ہے کہ جب تک مارجن 5 فیصد تک نہیں کیا جائے گا، صارفین کو پٹرول دستیاب نہیں ہو گا ۔پٹرول نہ ملنے کے باعث صارفین در بدر ہیں۔