26 دسمبر 2013
وقت اشاعت: 10:28
پاکستانی معیشت زبوں حالی کا شکار ، بجٹ خسارہ 18کھرب تک جاپہنچا
جیو نیوز - کراچی…2013 میں پاکستانی معیشت زبوں حالی کا شکار رہی، بجٹ خسارہ 18کھرب روپے کی بلند ترین سطح تک جاپہنچا، لوڈشیڈنگ کے باوجودبھی بجلی 30 فی صد تک مہنگی ہوئی، قرضے بھی 140 کھرب روپے سے تجاوز کرگئے، سال 2014 میں کچھ بہتری کی امید جا رہی ہے تاہم صورتحال مکمل طور پر بہتر نہیں ہوسکتی۔سال 2013 میں مالی خسارہ 11 کھرب روپے تک محدود کرنے کا ہدف تھا لیکن یہ خسارہ 18 کھرب روپے تک جا پہنچا۔ 11 کھرب روپے قرضوں کی ادائیگی میں خرچ کرنا پڑے۔ زرمبادلہ کے ذخائر 3 ارب ڈالر کی کم ترین سطح تک آگئے اور پاکستان کو ایک بار پھر آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پڑے۔ گرمیوں میں لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دو بھر کیئے رکھا اور ستم ظریفی یہ ہے کہ ستمبر میں بجلی 3 روپے 8 پیسے فی یونٹ مہنگی ہوئی۔ مہنگائی کی شرح 17 ہفتوں کے بعد 10 فی صد کی بلند سطح کو چھو گئی۔ روپے کی قدر میں تیزی سے کمی ہوئی اور ایک ڈالر 111 روپے تک جا پہنچا ۔ قرضوں کی سونامی بھی اپنے عروج پر رہی۔ڈاکٹر اشفاق حسن، ماہر اقتصادیات کا کہنا ہے کہ یہ وزیر خزانہ کہتے ہیں کہ وہاں سے اتنی رقم آئے گی، وہاں سے اتنی رقم آئے گی، تو یہ سب تو قرض ہی ہے نا، یہ قرض تو اوربڑھے گا، بے شک فارن ریزرو بہتر ہوجائیں گے لیکن یہ ہے تو قرض ہی نا۔ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ مایوسی کے باوجود یہ بات خوش آئند تھی کہ سال 2013 کی آخری سہ ماہی میں معیشت نے بہتر ی دکھائی۔ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کچھ کم ہوا ہے اور معاشی ترقی کی شرح میں اضافہ ہوا۔ 2014 میں حکومت کچھ شعبوں میں بہتری لاسکتی ہے۔ لیکن سب سے بڑا مسئلہ سرکاری اداروں کا 500 ارب روپے کا سالانہ نقصان ہے جو آمدنی پر نرا بوجھ ہے۔ ماہر معاشیات زاہد اصغر کا کہنا ہے کہ پبلک سیکٹر انٹرپرائز جو ہیں، ہر سال پبلک منی سے چل رہی ہے۔ ان کو ٹرن آراوٴنڈ کرنا بہت ضروری ہے اور سب سے بڑا چیلنج ہے۔ یہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی 5 فی صد تک رقم خرچ کرتی ہیں، نقصان پہنچاتی ہیں۔ ماہرین معاشیات کے مطابق سال 2013 کی آخر میں معاشی ترقی کی شرح 5 فی صد کو پہنچی۔ ایف بی آر نے 17 فی صد،792 ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا۔ مالی خسارہ جولائی سے ستمبر تک کچھ تھمتا نظر آیا اور یہ معیشت کا 2.2 فی صد یعنی 570 ارب روپے رہا جو گزشتہ سال معیشت کا 2.9 فی صد یعنی 690 ارب روپے تھا۔ ماہرین معاشیات کے مطابق 2014 کی معیشت 2013 سے بہت مختلف نہیں ہوگی، مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، قرضوں کا بوجھ بڑھے گا اور معیشت کا خسارہ بھی بدستور قائم رہے گا۔ تاہم معاشی ترقی کی شرح بڑھنے سے روزگار کے موقع کسی حد تک بڑھ سکتے ہیں۔