تازہ ترین سرخیاں
 کاروبار 
22 جنوری 2014
وقت اشاعت: 17:19

سونے کی درآمد پر پابندی کا فوری فیصلہ واپس لیا جائے،حبیب الرحمن

جیو نیوز - کراچی … آل پاکستان جیم مرچنٹس اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے تحت ملک میں ایک ماہ کے لیے سونے کی درآمد پر پابندی مسترد کرتے ہوئے فی الفور یہ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین حبیب الرحمٰن کے مطابق تجارت بڑھانے اور معیشت کو فروغ دینے کے دعوؤں کے برعکس تجارت بالخصوص برآمدات کو مشکل تر بنانے کے لیے تسلسل کے ساتھ یک طرفہ طور پر فیصلیکیے جارہے ہیں۔ حکومت نے حالیہ فیصلہ 4ہزار کلو گرام سونے کی درآمد اور ایک ہزار کلو گرام سونے کے زیورات کی برآمد کے بعد تین ہزار کلو گرام سونے کی شکل میں زرمبادلہ باہر جانے کے مفروضے کو بنیاد بناکر کیا ہے جو سراسر غلط ہے۔ وفاقی حکومت گولڈ انڈسٹری کا موقف سنے اور مشاورت کے بغیر مسلسل مخصوص عناصر کے گمراہ کن پراپیگنڈے کی بنیاد پر یک طرفہ فیصلے کررہی ہے جس کے نتیجے میں گولڈ انڈسٹری او رایکسپورٹ بند ہونے کے قریب پہنچ چکی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ انڈسٹری کی مشاورت کے بغیر اور بھرپور اعتراض کے باوجود ستمبر 2013میں ایس آر او 760کے ذریعے خام سونے کی درآمد اور سونے کے زیورات کی برآمد کو مشکل ترین بنادیا گیا جس کے نتیجے میں ملک سے سونے کے زیورات کی برآمد95فیصد تک کم ہوچکی ہے ۔ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ وافر مقدار میں سونا درآمد کرنے والے اور انہیں اجازت دینے والوں کے خلاف تحقیقات کی جائیں، انڈسٹری مخالف فیصلوں کی وجہ سے پاکستانی ایکسپورٹ بری طرح متاثر ہورہی ہے رواں مالی سال ستمبر سے جنوری کے وسط تک 2.5ملین ڈالر کے سونے کے زیورات ایکسپورٹ کیے گئے جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 30ملین ڈالر کی جیولری ایکسپورٹ کی گئی تھی حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں پاکستانی منڈی اور خریدار بھارت کے ہاتھ لگ چکے ہیں پاکستان میں لیبر سستی ہونے اور یورپ کی جانب سے بھارت کے لیے جی ایس پی کی سہولت ختم کیے جانے کے بعد پاکستانی سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ میں تیزی سے اضافہ ہورہا تھا ۔ تاہم اس فیصلے سے انڈسٹری کی بقا کو خطرے سے دوچار ہیں۔ ایسوسی ایشن نے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔اور کہا کہ زیورات کی صنعت مکمل طور پر ختم ہوجائیگی ہزاروں خاندان بے روزگاری کا شکار ہوں گے۔ ایسوسی ایشن نے صورتحال پر ہنگامی بنیادوں پر ملک گیر سطح پر احتجاج اور کاروبار بند کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.