29 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:17
وین پارنل بحیثیت مسلمان22ویں سالگرہ منائیں گے
جوہانسبرگ : جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر وین پارنل نے اسلام قبول کرلیا اور وہ ہفتے کو اپنی بائیسویں سالگرہ مسلمان کی حیثیت سے منائیں گے۔ وین پارنل نے اسلام قبول کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور انہوں نے ذاتی مطالعے اور مکمل غوروخوض کے بعداسلام قبول کیاہے۔وہ اپنی بائیسویں سالگرہ مسلمان کی حیثیت سے منائیں گے۔
پارنل نے کہاکہ وہ بے چینی سے رمضان کے منتظرہیں جسے اسلامی جذبے اور احترام کے ساتھ منائیں گے۔وین پارنل نے ابھی تک اپنا نام تبدیل نہیں کیا،تاہم اسلامی نام ولید ان کے زیرغور ہے۔
وین پارنل نے جنوبی افریقہ کی جانب سے تین ٹیسٹ،انیس ون ڈے اورگیارہ ایک روزہ میچز کھیلے ہیں۔ٹیم کے منیجر محمد موسیٰ جی نے کہاکہ پارنل کے اسلام قبول کرنے کا ہاشم آملا سے کوئی تعلق نہیں۔کھلاڑی ہاشم آملا کے طرز عمل اور عمدہ کردار سے متاثر ہیں لیکن وہ مذہب کی کوئی تبلیغ نہیں کرتے۔
ایک ساتھی کھلاڑی کے مطابق وین پارنل اسلامی تعلیمات پر سختی سے عمل پیرا ہیں اور انہوں نے آئی پی ایل کے دوران شراب کو ہاتھ تک نہیں لگایا۔