30 اکتوبر 2013
وقت اشاعت: 8:50
ہنزہ میں 3 روزہ سلک روٹ فیسٹیول ختم
ہنزہ…ہنزہ میں تین روزہ سلک روٹ فیسٹیول تمام تر رعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی تقریب پاک چین سرحد کے قریب گوجال کے علاقے گلمت میں منعقد ہوئی۔ تین روزہ سلک روٹ فیسٹیول کا آغاز گلگت میں ہوا تھا۔ میلے کی اختتامی تقریب ہنزہ کے خوبصورت گاوٴں گوجال میں منعقد کی گئی، ثقافتی فیسٹیول میں مختلف ممالک کے سفیروں، ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے علاوہ مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مہمانوں کا استقبال روایتی رقص کر کے کیا گیا۔ تقریب میں ہنزہ کے روایتی اور ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے۔ رنگ برنگے لباس پہنے بچوں ،خواتین اور نوجوانوں نے مختلف آئٹم پیش کر کے مہمانوں سے خوب داد وصول کی۔ اختتامی تقریب میں طلبہ نے مارچ پاسٹ بھی کیا۔ تین روزہ فیسٹیول کے دوران مقامی دستکاری، ثقافتی اشیا اور کھانے پینے کے اسٹال بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ وادی ہنزہ موسم خزاں میں زرد پتوں کے باعث انتہائی حسین منظر پیش کررہی ہے، ایسے میں سلک روٹ فیسٹول کے انعقاد سے علاقے کی رونق دوبالا ہوگئی۔