1 نومبر 2013
وقت اشاعت: 11:34
ویکیوم کلینر روبوٹ جو کردے منٹوں میں سب صاف
پشاور…گھریلو خواتین کیلئے ایک اور خوشخبری ہے کہ انہیں اب گھر کی صفائی سے نجات ملنے والی ہے۔ کیونکہ انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور کے پروفیسر نے ایک ایسا ویکیوم کلینر روبوٹ تیار کرلیا ہے جو منٹوں میں کمرے کی صفائی کردیتا ہے۔ انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور کے پروفیسر ڈاکٹر صادق خٹک نے ایک ایسا منفرد ویکیوم کلینر روبوٹ تیار کیا ہے جوچند منٹو میں گھر صاف کرے گا۔ روبوٹ کے تین اطراف میں انفرا ریڈ ڈیوائسز لگائی گئی ہیں۔ جب بھی سامنے کوئی رکاوٹ آتی ہے۔ روبوٹ وہیں 130ڈگری کے زاویے سے گھومتا ہے اور دوسری سمت اپنا کام شروع کرتا ہے۔ روبوٹ گھریلو خواتین کیلئے کام آسان کر دے گا۔ ویکیوم کلینر روبوٹ ایک سیکنڈ میں ایک فٹ جگہ صاف کرتا ہے۔ فائبر گلاس سے بنے چھ کونوں والے اس روبوٹ کا وزن بھی اتنا ہلکا ہے کہ آسانی سے اٹھا کر ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جایا جاسکتا ہے۔ عام لوگ کم لاگت کے اس روبوٹ سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ویکیوم کلینر روبوٹ کی یہ ابتدائی شکل ہے۔ روبوٹ کے خالق ڈاکٹر صادق خٹک کے مطابق جس کمرے کی صفائی کرنی ہو اس کا نقشہ بھی روبوٹ میں فیڈ کیا جاسکتا ہے اور اسے سیڑھیاں چڑھنے اترنے کے قابل بنانے پر بھی کام ہورہا ہے۔