29 نومبر 2013
وقت اشاعت: 5:26
ڈرائیونگ کے دوران بچے موبائل فون سے زیادہ خطرناک ہوسکتے ہیں، تحقیق
ملبورن …این جی ٹی …حالیہ نئی تحقیق کے مطابق ڈرائیونگ کرتے ہوئے والدین کیلئے بچے موبائل فون سے کہیں زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔ آسٹریلوی شہر میلبورن کی موناش یونیورسٹی ایکسیڈنٹ ریسرچ سینٹر کی جانب سے کرائے گئے اس تحقیقاتی مطالعے کیلئے یونیورسٹی کے ریسرچرز نے12خاندانوں کی گاڑی کے ذریعے نقل و حرکت کا3ہفتوں تک چار کیمروں سے باریک بینی سے مشاہدہ کیا۔اس ریسرچ کا حصہ بننے والے تمام خاندانوں کے یہاں 1سے8سال کی عمر تک کے اوسطاً دو بچے موجود تھے جن کی کل ملا کر92ٹرپس انتہائی مہارت سے مانیٹر کی گئیں۔اس تحقیق سے سامنے آنے والے نتائج نے محققین کو اپنانظر یہ بدلنے پر مجبور کردیا کہ موبائل کے استعمال سے زیادہ گاڑی میں بچوں کی موجودگی توجہ مبذول کروانے اور دھیان بھٹکانے کا باعث بنتی ہے۔اس مطالعے کے مطابق فقط16منٹ طویل گاڑی کے سفر کے دوران والدین اوسطاً3منٹ22سیکنڈ اپنا دھیان اسٹیرنگ وہیل اور سڑک سے ہٹاکر بچوں کی جانب مبذول کرلیتے ہیں۔والدین کی توجہ بھٹکانے والی12فیصدوجوہات جہاں صرف بچے ہوتے ہیں وہیں صرف ایک فیصد وجہ موبائل فون بنتا ہے۔